سرکاری اداروں کی مجموعی کارکردگی میںبہتری آرہی ہے ،عنایت اللہ

بدھ 28 فروری 2018 21:14

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی موثر نظام اور جامع حکمت عملی سے صوبہ میں پائیدار ترقی کے لئے راہ ہموار ہوچکی ہے اور ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت تمام سرکاری اداروں کی مجموعی کارکردگی میںبہتری آرہی ہے جس کے تحت عوامی فلاح وبہبود پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور بلاامتیاز ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جارہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میںعوامی تقریب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینئر وزیر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیاتی اداروں کاتسلسل اورمقامی منتخب نمائندوں کو بااختیار بناناناگزیر ہے تاکہ بہتر انداز میں عوامی مسائل حل ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو چاہیئے کہ وہ عوامی فلاح وبہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائیں اور لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بہترقانون سازی کی بدولت آج کافی حد تک بدعنوانی کا تدارک ہوچکاہے اور عوامی امنگوں کے مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور معاشرے کے تمام طبقات کا معیارزندگی مزید بہتر ہوسکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں