چترال میں جشن ققلشت اختتام پذیر

پیر 16 اپریل 2018 16:38

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال کے باہمی تعاون سے صوبہ کی حسین وادی ضلع چترال میں جاری چارروزہ جشن ققلشت اپنی تمام تر رنگینیوں کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا، اس موقع پرکمشنر ملاکنڈ ظہیر الاسلام مہمان خصوصی تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودڑھ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، سطح سمندر سے 10ہزار فٹ بلندی پر واقع ققلشت ضلع چترال کی پہچان ہے جہاں ہرسال اپریل کے مہینے میں موسم بہار کی آمد پر یہ میلہ منعقد کیاجاتا ہے ، چارروزہ جشن ققلشت میں پہلی مرتبہ ایڈونچر ٹورازم کو فروغ کیلئے راک گلائیمنگ ، سکیٹ شوٹنگ اور پیراگلائیڈنگ کو شامل کیا گیا جبکہ بچوں کیلئے پہلی دفعہ چلڈرن پلے ایریا بھی بنایا گیا جس سے بچے کافی محظوظ ہوئے ، ملکی تاریخ میں پہلی بار فیسٹیول میں شرکت کرنے والے سیاحوں کو فری کیپمنگ کیساتھ مقامی اور صوبائی سطح پر موسیقی شو بھی دیکھنے کا موقع ملا، جس میں مقامی فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا، چترالی موسیقی کی دھنوں اور روایتی رقص سے ملکی وغیر ملکی سیاح بھی خوب محظوظ ہوئے تاہم اس کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا، فیسٹیول میں شامل مقابلوں میں پولو کا فائنل رشین کی ٹیم نے جیتا جبکہ کرکٹ میں ینگ سٹار دروش،فٹبال میں ایون کلب، والی بال میں چترال سکائوٹس اے ٹیم نے کامیابی سمیٹی جبکہ مقامی ہاکی میں بونی نے ریشم کو پانچ گول کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی، پیراگلائیڈنگ میں ظاہر الدین بابر نے پہلی، محمد رسول نے دوسری ، شوٹنگ میں عبدالباقی مورکو نے پہلی، گل نواز نے دوسری پوزیشن لی، 4x4جیپ ریس کی اے کیٹیگری میں ولی اللہ ، بی کیٹیگری میں کامران اور سی کیٹیگری میں اسداللہ کامیاب قرار پائے ،ٹیبل ٹینس میں ہدایت اللہ اور بیڈمنٹن ڈبل میں شاہد فہیم چترال کی ٹیم فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی ،تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ظہیر الاسلام نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں