پشاور،واٹرشیڈمینجمنٹ اورتحفظ اراضی کے بارے میں تربیتی کورس اختتام پذیر

پیر 16 اپریل 2018 19:36

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ میں واٹر شیڈ مینجمنٹ اور تحفظ اراضی کی اہمیت سے متعلق چار روزہ تربیتی کورس اختتام پذیر ہوگیاجس کا اہتمام گرین پاکستان پروگرام وزارت موسمیاتی تبدیلی اسلام آباد کے تعاون سے کیا گیا جس میں ملک بھر سے صوبائی محکمہ جنگلات، محکمہ تحفظ اراضی، محکمہ زراعت اور پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر تربیتی کورس کے مہمان خصوصی گرین پاکستان پروگرام کے نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد ابراہیم خان تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ایف آئی حکیم شاہ ‘ واٹر شیڈ مینجمنٹ اور تحفظ اراضی کے ماہر ڈاکٹر بشیر حسین بھی موجود تھے، تربیتی کورس میں واٹر شیڈز کی اہمیت اور بہترنظم ونسق سے متعلق تربیت دی گئی اور بتایا گیا کہ پاکستان کے پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقے واٹر شیڈ کے نقطہ نظر سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، زمین بردگی کی وجہ سے پاکستان کے واٹر شیڈ ایریاز تباہی کی جانب گامزن ہیں،پاکستان کے بارانی اورخشک علاقوں میں بھی زمین بردگی ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، ان علاقوں میں جنگلا ت کی بے دریغ کٹائی اور زیرکاشت زمینوں پر کھیتی باڑی سے زمین بردگی کا شکارہوتی ہے لہٰذا تحفط اراضی کا عمل نہایت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ واٹر شیڈ ایریا زمیں زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور سائنسی بنیادوں پر کاشت کاری کے عمل کو یقینی بنایاجائے تاکہ زمین بردگی کو کنٹرول کیاجاسکے،تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو تحفظ اراضی اور زمینی کٹائو کو کنٹرول کرنے کے مختلف طریقے دکھانے کیلئے راولا کوٹ، آزاد کشمیر میں واٹرشیڈ علاقوں کا دورہ کرایا گیا جس میں شرکاء کو تحفظ اراضی کے مختلف نمونے دکھائے گئے اور ان کی افادیت کے متعلق آگاہ کیا گیا، آخرمیں کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں