تحریک انصاف ہی اس ملک کو حقیقیی کامیابی سے ہمکنار کرا سکتی ہے،عاطف خان

منگل 17 اپریل 2018 18:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی اس ملک کو حقیقیی کامیابی سے ہمکنار کرا سکتی ہے۔ہماری پانچ سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور جوق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں جبکہ دوسری پارٹیوں کے امیدوار الیکشن ہارنے اور پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف ہو کر ٹکٹ واپس کررہے ہیں۔

و ہ سالار کلے پارہوتی میں مردان میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔جس سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور ضلع کونسل کے رکن شاہد باچا نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر حاجی شیر زمان کاکا،شاہجہان کاکا،حاجی صنوبر،صادق،وصال،داؤد خان،کامران،علی زمان اور محسن خان درجنوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہاکہ ہمارے اصلاحات اور پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے کھلی کتاب ہے اور الیکشن کے وقت عوام ضرور ہمارا موازانہ سابقہ حکمرانوں سے کریں اگر ہمارے دور حکومت میں صوبے میں امن قائم ہوا ہے چوری ،رشوت،کمیشن اور کرپشن ختم ہوا ہے اگر تباہ حال پولیس کا نظام بہتر ہوا ہے اور صحت اور تعلیم کے محکموں کی بہترین کارکردگی سے عوام کی زندگی میں حقیقی خوشحالی آئی ہے تو پھر ووٹ پر صرف پاکستان تحریک انصاف کا حق ہے کیونکہ پختونوں کے نام پر ووٹ لینے والوں نے تو صوبے کو تباہ و برباد کیا تھا وہ لوگ خود تجوریاں بھر رہے تھے جبکہ عوام تباہ حال زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو شعور دیا ہے اب لوگ مولانا کی چال میں بھی آنے والے نہیں اب عوام کو پتہ ہے کہ مولانا اسلام آباد پہنچ کر عوام اور اسلام کی خدمت کو بھول جاتے ہیں۔تحریک انصاف نے حقیقی معنوں میں اسلام کی خدمت کی ہے سود اور جہیز کے خلاف قانون سکولوں میں قرآن شریف کا ترجمہ اور ناظرہ لازمی کرنا،مساجد کی سولرائزیشن ،آئمہ مساجد کے لئے وظیفہ مقرر کرنا یہ پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی ہے جبکہ مولانا ہر حکومت میں ہوتا ہے مگر وہ پھر یہ چیزیں بھول جاتا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ ہم سب کو اپنے بچوں اور اپنے آنے والے کل کی خاطر 2018کے الیکشن کا صحیح فیصلہ کرنا ہوگا ورنہ توہماری آنے والی نسلیں بھی اس طرح غلامی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہونگے کیونکہ امید کی آخری کرن عمران خان ہے جو کہ پاکستان کو ایک کامیاب ریاست بنا سکتا ہے انہوں نے کہاکہ اگر دنیا کے تمام ممالک ٹھیک ہو سکتے ہیں اور ترقی کرسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں یہ کوئی مشکل نہیں بس صحیح ایماندار لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیج دیں جبکہ کرپٹ اور چوروں کو جیل بھیج دیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں