پشتون قوم کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، سیف اللہ خالد

جمعہ 20 اپریل 2018 23:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ پشتون قوم کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پشتون محب وطن اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والے لوگ ہیں ،انہیں اپنا حق ملنا چاہئے لیکن ان کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ملی مسلم لیگ آنے والے الیکشن میںخیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار نامزد کرے گی۔

الیکشن کمیشن غیرجانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کرے،کسی کالعد م تنظیم کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں۔وہ پشاور پریس کلب میں ملی مسلم لیگ خیبر پختونخواکے صدر حاجی لیاقت علی خان،مفتی محمد قاسم اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سیف اللہ خالد نے کہا کہ خدمت انسانیت ہی ہماری سیاست ہو گی۔اس وقت ملک میں بے روزگاری ہے۔

غربت ہے،لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں،مہنگائی کا مسئلہ ہے۔خدمت کی سیاست کر کے ان کے مسائل کا حل کرنا ہے۔ہم اس بنیاد پر سیاست کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نے پاکستان اور نظریہ پاکستان کا دفاع کرنا ہے۔،تمام سیاسی جماعتوں کا نظریہ کی بنیاد پر اتحاد قائم کریں گے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ ملک میں بسنے والوں کی بات کو سنے اور انکے جائز مطالبات پورے کرے،یہ ہمارے اپنے لوگ ہیں قانون کی دائرے میں رہتے ہوئے بلوچ،،پشتون کی بات کو سنا جائے اور پورا کیا جائے لیکن ان کی آڑ میں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے بارے میں اقوام متحدہ میں دو درجن سے زیادہ قراردادیں وجود ہیں ۔،یواین سے مطالبہ کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔کشمیرمیں بھارت پیلٹ گن اور کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔افسوس کی ہماری حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی چھ ماہ نہیں ہوئے امریکہ کی طرف سے ملی مسلم لیگ کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی لسٹ میں ڈال دیا گیا، بغیر کسی جرم کے آج امریکہ جس کو چاہتا ہے دہشت گرد قرار دے دیتا ہے۔

ہم سے بنیادی انسانی حق کے طور پر سیاست کرنیکا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وطن عزیز کے تحفظ اور دفاع کے لئے سیاست میں آئے ہیں ۔آئندہ عام انتخابات میں خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں قومی و صوبائی امیدوار کھڑے کریں گے اورسیاسی جماعتوں سے اتحاد قائم کریں گے۔امید ہے جلدہماری جماعت الیکشن کمیشن سے رجسٹرڈ ہو جائے گی کیونکہ عدالت کا فیصلہ ہمارے حق میں موجود ہے۔کسی کالعدم تنظیم کے ساتھ ہمارا تعلق نہیں۔ہم پر امن لوگ ہیں اور پرامن،مضبوط،ناقابل تسخیر پاکستان چاہتے ہیں۔حکومت بھی ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ بنے،ہمیںسیاسی جدوجہد میں آگے جانے کا موقع دیا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں