عید کے چاند کا تنازع ، ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں

خیبرپختونخوا کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے آج عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا،ملک کے دیگر حصوں میں کل منائی جائیگی

جمعہ 15 جون 2018 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) پاکستان میں عید کے چاند کا تنازع ختم نہ ہوسکا،ایک ہی دن پورے ملک میں عید منانے کی کوششیں ناکام ، ایک مرتبہ پھر ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی ، خیبر پختونخوا میںمقامی رویت ہلال کمیٹی نے یکم شوال1439کا چاند کی شہادتیں موصول ہونے پر 15جون2018بروز جمعہ عید کا اعلان کردیا۔یہ اعلان جمعرات کی رات مسجد قاسم علی خان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شہادتیں موصول ہونے کے بعد کیا گیا اجلاس کی صدرت مفتی محمد شہاب ا لدین پوپلزئی نے کی ۔

اجلاس میں پشاور اور خیبر پختونخوا کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں پشاور سے ایک، مردان ا و رصوابی7،بنوں8 ، تیمرہ گرہ ،4،لنڈی کوتل 12،شبقدر11، سرائے نورنگ4مرداور 3خواتین، باجوڑ3، سفید ڈھیری 2 ،بڈھ بیر4خواتین،رستم زئی 5،رجڑسے 3سمیت کئی شہادتیں موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد مفتی شہاب الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج15جون بروز جمعہ یکم شوال 1439کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ پہلے بھی کئی مرتبہ چاند کا تنازع پیدا ہو جانے کے باعث ملک میں دو مختلف دنوں میں عیدیں منائی جاتی رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور دیگر حکام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کی کوششوں کے تحت ایک ہی دن عید منائی گئی تا ہم اس مرتبہ پھر یہ کوششیں ناکام ہو گئیں اور خیبرپختونخوا کی مقامی کمیٹی نے ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ عید منانے کی بجائے آج (جمعہ) کو عید منانے کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چاند نظر نہ آنے کے باضابطہ اعلان کو بھی پس پشت ڈال دیا گیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں