جوان پرامن و شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے بھر پور توانائیاں بروئے کار لائیں،ڈی پی او کوہاٹ

اتوار 15 جولائی 2018 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر روخان زیب نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد اورالیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی عملداری کے حوالے سے پولیس افسران کی ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا ۔انکے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں صدر سرکل کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران واہلکاروں نے شرکت کی۔

ڈی ایس پی صدر روخان زیب نے ماتحت پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور توانائیاں بروئے کار لائیںاور ابھی سے سیکیورٹی انتطامات پر توجہ دیں۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنز پر عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پوری طرح چوکس رہیں۔

(جاری ہے)

انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنیوالے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ،دوران الیکشن ڈیوٹی کنٹرول روم سے مکمل رابطے میں رہیں اور اس بات کا اطمینان کریں کہ آپکے پاس موجود مواصلاتی آلات اور ہتھیار درست طور پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے جملہ پولیس اہلکاروں پر واضح کردیا کہ وہ انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پر غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنی پوری توجہ صرف سیکیورٹی ڈیوٹی پر مرکوز رکھیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور پولیس پر کسی بھی طرح کی جانبداری کا الزام نہ لگ جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں