نگران وزیر داخلہ کا فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر ز کا دورہ ،

کمانڈنٹ ایف سی کی بریفنگ حکومت ملک میں انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،امن و امان کے قیام میں فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے ،محمد اعظم خان

پیر 16 جولائی 2018 22:54

ْپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔امن و امان کے قیام میں فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے۔پیر کو نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کو ایف سی میں حال ہی میں کی جانے والی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹئیر کانسٹیبلری کے افسران اور جوان گلگت بلتستان سے کراچی تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ملک میں عام انتخابات کا پرامن، شفاف اور منصفانہ انعقاد ہے۔ وزیر داخلہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ایف سی کے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں