پشاور، سیاسی کچرا اکھٹا کرنے سے قائد کا پاکستان نہیں بنے گا،سینیٹر مشتاق احمد خان

ایک سیاسی جماعت کی ڈرائی کلین مشین میں دھل کر سارے کرپٹ پاک صاف ہوجاتے ہیں،25جولائی کو عوام ان عناصر کو شکست دیں جنہوں نے ملکی خزانہ لوٹ کر باہر منتقل کردیا،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

منگل 17 جولائی 2018 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی کچرا اکھٹا کرنے سے قائد کا پاکستان نہیں بنے گا۔ قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے نیک، دیانتدار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔ ایک سیاسی جماعت کی ڈرائی کلین مشین میں دھل کر سارے کرپٹ پاک صاف ہوجاتے ہیں، ان کرپٹوں نے صرف پارٹی بدلی ہے، کرپشن کی عادت نہیں بدلی۔

کرپشن ان سیاستدانوں کے خون میں شامل ہوچکی ہے۔ 25جولائی کو عوام ان عناصر کو شکست دیں جنہوں نے ملکی خزانہ لوٹ کر باہر منتقل کردیا۔ کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے قرضوں کے انبار لگادئیے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل متحدہ مجلس عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 66سفید سنگ پشاور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ سی قائمقام امیر ضلع ہدایت اللہ، پی کے 6 6کے امیدوار حافظ حشمت خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی پی ،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ایک ہی طبقہ ملک پر عرصہ درازسے قابض ہے، جو صرف پارٹیاں بدلتا رہتاہے ۔ ہم آپ کو انقلاب کی طرف بلاتے ہیں ہمیں موقع دیں انشاء اللہ اقتدارمیں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم، تعلیم ،صحت اور چھت مفت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی حقیقی متبادل ایم ایم اے ہے ۔ 25 جولائی کا الیکشن نظریے اور تہذیبوں کے درمیان ہوگا ۔ ایک طرف اللہ والے اور دوسری طرف امریکہ والے ہیں ۔ یہ غلامان ٹرمپ اور غلامان مصطفیٰؐ کے درمیان معرکہ ہے ۔ اگر سیکولر اور لبرل قوتوں کے ساتھ امریکہ ہے تو منبر و محراب اور خانقاہوں کی سرپرستی ایم ایم اے کو حاصل ہے ۔

نظریہ پاکستان کی حفاظت کے لیے قوم کو پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے پر متحد ہونا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مسلح دہشتگردی کے ساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی دہشتگردوں سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے اور منبر و محراب اور خانقاہی نظام قوم کی قیادت کرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت پڑا ، علماء و مشائخ نے متحدہو کر قوم کو اس مصیبت سے نجات دلائی ۔

آنے والا الیکشن پاکستان کی بقا اور سا لمیت کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔ 25جولائی تک منبر و محراب اور درگاہوں اور خانقاہوں سے یہود و ہنود کے ایجنڈے کے خلاف زور دار آواز اٹھنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ختم نبوت میں نقب لگانے والے نہ صرف ملک و قوم کے وفادر نہیں بلکہ خاتم النیبین حضرت محمد ؐ کے بھی مجرم ہیں اور اللہ انہیں ذلیل و خوار کرے گا اور وہ نشان عبرت بنیں گے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں