خیبر پختونخوا کے نگران وزیر مواصلات و تعمیرات ، ڈاکٹر دائود کا کارڈ یالوجی انسٹی ٹیوٹ حیات آباد پشاور کا دورہ

بدھ 18 جولائی 2018 16:57

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر مواصلات و تعمیرات ، ماہر امراض چشم ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد دائود نے بدھ کے روز حیات آباد پشاور میں کارڈ یالوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور انسٹیٹیوٹ کے مختلف حصوں اور ان کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ ہٰذا انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں امراض قلب کے علاج کیلئے تمام جدید طبی سہولیات فراہم ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تحصیل کی سطح پر بھی چھوٹے چھوٹے امراض قلب کے مراکز کا قیام انتہائی ضروری ہے تا کہ مریضوں کو اپنے گھروں کے قریب فوری علاج معالجہ کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی اہمیت اور افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا مثالی ادارہ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ کما حقہُ اسے طبی سہولتوں کا مرکز بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر حفیظ اللہ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 5 منزلہ عمارت پر مشتمل یہ منصوبہ دوہزار638 ملین روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا ہے جو کہ 33.3 کنال اراضی کے رقبے پر محیط ہے ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنائیں۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر مواصلات نواز خان اور دیگر سرکاری افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں