عام انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے تمام طبقات کا تعاو ن انتہائی اہمیت کا حامل ہے،نعمان افضل

بدھ 18 جولائی 2018 21:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نعمان افضل نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی یگانگت اور اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرنے کیلئے تمام طبقات کا تعاو ن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاربدھ کے روز اپنے دفتر میںڈی آئی خان کے اہل سنت و اہل تشیع مکاتب فکر کے اکابرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، تحصیل میونسپل آفیسرزکے علاوہ مصالحتی کمیٹی ممبران اور دونوں مسالک کے اکابرین نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے الیکشن کے دوران امن کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کر لیے جائیں گے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں انتظامیہ کو بروقت آگاہ کیا جائیگا۔

انہوں نے انتظامیہ سے اس توقع کا اظہار کیا کہ الیکشن کے موقع پر پولنگ سٹیشنوں کی سیکورٹی، صفائی ستھرائی، باہمی چپکلش اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ ایک حساس علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران تمام طبقات کے افراد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے موقع پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، باہمی افہام و تفہیم سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے اکابرین امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علماء کرام جمعہ کے خطبات میں امن کے ثمرات کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے ٹی ایم او حکام کو ہدایت کی کہ شہر کی صفائی ستھرائی خصوصاً پولنگ سٹیشنوں پر بھرپور انداز میں یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی و دیگر سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ واپڈا افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے کا تدارک کیا جا سکے۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں اور امن و امان کے قیام میں پولیس کو فعال کیا جائے۔ تمام طبقات میں افہام و تفہیم پیدا کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی کہ ڈیرہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں تاکہ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں