خصوصی افراد کے مسائل کو دور کرنا ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے،آسیہ خان

خصوصی افراد کو توجہ ملے تو اپنی صلاحییتوں کے بل پر معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار اداکر سکتے ہیں ، صوبائی نگران وزیر

بدھ 18 جولائی 2018 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود، ترقیء نسواں، آرٹ اور کلچر آسیہ خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے مسائل کو دور کرنا ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیئے، خصوصی افراد کو توجہ ملے تو اپنی صلاحییتوں کے بل پر معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار اداکر سکتے ہیں ۔

وہ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے خصوصی افراد کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، خیبر پختونخوا میں خصوصی افرادکے لیے قائم تعلیمی اداروں میں جدید علوم و فنون کی تربیت کا انتظام ہونا چاہیئے، ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں کئی علوم ان خصوصی افراد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنے ہیں،جن سے ہمارے ملک میں موجود خصواصی افراد کو روشناس کرانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں خصوصی افراد سے تجاویز لے کر ان پر عمل کیا جائے گا۔مشیر وزیراعلیٰ آسیہ خان نے تقریب میں موجود شرکاء کو یقین دلایا کہ خصوصی افراد کے تمام مسائل وزیراعلی کے سامنے رکھ کر انکے فوری حل کے لیے کام کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت کی خواہش ہے کہ مختصر مدت میں عوامی فلاح کے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جائیں آسیہ خان نے پاکستان ڈس ایبل فائونڈیشن اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاورکو سراہتے ہوئے کہا کہ بینائی سے محروم افراد کے لیے سافٹ وئیر کی تربیت کا اہتمام قابل تحسین ہے اسی طرز کے تربیتی پروگراموں کو تسلسل سے کیا جانا چاہیئے،نئے دور کے تقاضوں کے مطابق تربیت کا سلسلہ خصوصی افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان ڈس ایبل فاونڈیشن کے چئیر مین شاہد میمن ، سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے ڈائریکٹر یوسف جاویدبھی موجود تھے۔تقریب میں وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود نے سافٹ وئیر کے بارے میں تربیت حاصل کرنے والے افراد میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں