این اے 31 سے مسلم لیگ(ن) کا امیدوار کسی طور غلام احمد بلور کے حق میں دستبردار نہیں ہوگا، میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ

جمعرات 19 جولائی 2018 19:06

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن) پشاور کے رہنماء میاں ارشد جاوید گوڑواڑہ نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 31 سے ن لیگ کے امیدوار ملک ندیم کسی صورت اے این پی کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور کے حق میں دستبردار نہیں ہوںگے کیونکہ اے این پی ایک سیکولر پارٹی ہے جبکہ مسلم لیگ ( ن) اسلامی نظریاتی پارٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گوڑ واڑہ ہائوس پشاور میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ن لیگ پشاور کے عہدیداروں محمد اسماعیل ‘خلیل احمد بابر ‘ بلال احمد ‘ جلال احمد بابر ‘ انجم حسین ‘ محمود جان ‘ ملک ندیم ‘ لیگل ایڈوائز ر شکیل چندر ‘ ارشد محمو خان ‘ ملک مظفر اعوان ‘ قاضی شمس الدین ایڈوکیٹ ‘ خواجہ افتاب اقبال اور کارکنوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ارشد جاوید گوڑواڑہ نے کہاکہ ن لیگ نے جمہوریت کی بحالی اور استحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور مزید قربانیوں سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی بالا دستی کیلئے ضروری ہے کہ ن لیگ کے امیدوار ڈٹ کر الیکشن میں حصہ لیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلور خاندان کے ساتھ ہماری ہمدردی ہے تاہم بات سیاست کی ہے اور وہ اے این پی کے نمائندہ ہیں جو کہ ایک سیکولر جماعت ہے اور ن لیگ پشاور کے کارکن کسی صورت سیکولر جماعت کے امیدوار کو ووٹ نہیں دینگے لہذا ن لیگ پشاور کی کابینہ اور کارکنوں نے عہد اور فیصلہ کیا ہے کہ حاجی غلام احمد بلور کے حق میں ن لیگ کا امیدوار کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا اور جم کر مقابلہ کرے گا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں