دہشت گردی تواتر سے جاری ہے نگران خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، سردار حسین بابک

اتوار 22 جولائی 2018 19:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے اور انتخابات سبوتاژ کرنے کی کوششیں تاحال کی جا رہی ہیں،دو روز بعد الیکشن میں پختون قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے ،حکومت میں آئے تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کی22بونیر میں انتخابی مہم کے دوران شمولیتی تقاریب اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات تواتر سے جاری ہیں ،الیکشن کمیشن اور نگران حکومتیں کہیں نطر نہیں آ رہیں جبکہ سارا زور لاڈلے کو کرسی تک پہنچانے میں صرف کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اے این پی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور حکومت میں آ کر عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کا ستحصال کیا اور تاریخ کا ایک تاریک باب ہے ، سردار بابک نے کہا کہ پرویز خٹک نے اپنے دور میں کوئی کام ایسا نہیں کیا جسے اچھے الفاظ میں یاد کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بے توقیری اور خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والے سابق وزیر اعلیٰ نے صوبے کو بری طرح نقصان پہنچایا ، اور ایسا شخص خود اپنے حلقے کیلئے بد نما داغ ہے ،انہوں نے کہا کہ اخلاقیات سے عاری پرویز خٹک جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے ، نظریاتی سیاست سے نابلد شخص صرف کرسی کی خاطر وفاداریاں تبدیل کرنے میں ماہر ہے اور نظریاتی سیاست اور اخلاقیات کی ابجد سے واقف نہیں،انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل لوٹنے والوں کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز کھل چکے ہیں اور ان میں سے بیشتر کیسوں میں پرویز خٹک براہ راست ملوث ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ نے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا اور ٹھیکوں کی تقسیم میں اقربا پروری کو فروغ دیا ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اب نظریاتی سیاست سے کوئی تعلق نہیں وہ صرف لوٹوں پر مشتمل ایک ٹولہ ہے اور انہی لوٹوں کے ہاتھوں یرغمال ہو چکی ہے،انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئی25جولائی کو اے این پی پر اعتماد اظہار کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں