ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت الیکشن کے حوالے سے اہم میٹنگ ، ضلع ایبٹ آباد کے تمام سینئر پولیس افسران کی شرکت

اتوار 22 جولائی 2018 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) جنرل الیکشن2018کے سلسلے میں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد، ایس پی انوسٹیگیشن ایبٹ آباد، ایس پی ٹریفک ہزارہ ریجن، جملہ ایس ڈی پی او ز، ڈی ایس پی ٹریفک ، ڈی ایس پی ایف آر پی ، ڈی ایس پی وومن ، جملہ ایس ایچ اوز ضلع ایبٹ آباد، آر آئی پولیس لائن، انچارج بم ڈسپوزل یونٹ ، انچارج کینن یونٹ ، انچارج ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ اور دیگر تمام شعبہ جات کے انچارج صاحبان نے شرکت کی ۔

الیکشن 2018کے سلسلے میں ضلع پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا اور پرامن انتخابات ، انتخابی سازوسامان کی بحفاظت ترسیل، پولنگ سٹیشنز، پولنگ سٹاف اورپولنگ کے سامان کی حفاظت، پولنگ کے دوران اور بعد میں الیکشن حکام کے ساتھ پرامن ماحول کا قیام ، سکیورٹی پلان ، ٹریفک پلان اور دیگر تمام متعلقہ امور پر تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو ڈیوٹی سے متعلق مناسب ہدایات جاری کیں ۔

(جاری ہے)

میٹنگ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ ضلع ایبٹ آبامیں عبدالعزیز خان آفریدی ایس پی انوسٹیگیشن ایبٹ آباد اور سونیا شمعروز ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد تمام سکیورٹی امور کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ ضلع کو مزید 4سیکٹرز کینٹ، میرپور، حویلیاں اور گلیات میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ضلع کے 12تھانہ جات کو بطور سب سیکٹر تقسیم کیا گیا ہے ۔

ضلع ایبٹ آبادکی 52یونین کونسلز ، 3میونسپل کمیٹی جبکہ 6وارڈز میں کل 750پولنگ سٹیشن ہیں جن میں سے 160انتہائی حساس جبکہ50حساس اور 540پولنگ سٹیشن نارمل نوعیت کے قرار دیئے گئے ہیں ضلع بھر میں الیکشن کے دوران کل2932 سکیورٹی اہلکاران ڈیوٹی میں حصہ لیں گے جن میں 1662 پولیس اہلکاران جبکہ 639 دیگر محکمہ جات اور 631 لیڈی کنسٹیبلان /ایل ایچ ویز اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے ۔

موجودہ حالات کے پیش نظر الیکشن کے پر امن انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس فورس ، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ ہر سب سیکٹر کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 2کوئیک ریسپانس فورس موبائیلز بمعہ نفری مہیا کی جائیں گیں ۔ ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ ملک اعجاز بطور ایس پی ٹریفک اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور وہKKH ، مری روڈ اور تمام ملحقہ لنک روڈز پر ٹریفک کی روانی کی نگرانی کریں گے اور ٹریفک کی بہتر روانی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ ٹریفک کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسی طرح تمام پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ ضروری سروسز/لائن ڈیپارٹمنٹ جیسا کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ ، ہسپتال ، واپڈا وغیرہ کے ساتھ رابطہ میں رہنا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورحال کی صورت میں ان کی مدد لی جاسکے ۔ ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آبادنے تمام افسران کو الیکشن2018 کے پرامن انعقاد کے لیے تما م ضروری ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے اور کسی قسم کا انتشار یا بدنظمی پیدا نہ ہومزید بتایا کہ شرپسند ، جرائم پیشہ عناصر پرخصوصی نظر رکھی جائے اور اپنے علاقہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا جائے اور حساس علاقوں میں صبح و شام خصوصی ناکہ بندی کی جائے ضلعی پولیس سربراہ نے تمام امیدواران اور عوام سے اپیل کی کہ الیکشن 2018کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ضلع پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں