پشاور، جب سے چارج سنبھالا ہے ضلع کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے کامیاب میلے منعقد کئے،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اپر دیر مختیار خان

اتوار 19 اگست 2018 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اپر دیر مختیار خان نے کہا ہے کہ جب سے چارج سنبھالا ہے المحمد اللہ ضلع کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے کامیاب میلے منعقد کئے،تحصیل براول اور تحصیل کلکوٹ اور تحصیل واڑی میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ سنگلاخ چھٹانوں کے بیچ واقع کمراٹ ویلی میں کامیاب سپورٹس گالا کے قیام سے دیر کے عوام نے اطمینان کا اظہار کیا جسکاساراکریڈٹ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور خصوصی طورپر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان کو جاتا ہے،گذشتہ روز سپورٹس میڈیا سنٹر میں صحافیوںکو تفصیلات بتاتے ہوئے مختیارخان نے بتایا کہ ضلع دیر میں کرکٹ، بیڈمنٹن ،والی بال، فٹ بال اور کئی دیگرکھیلوں کے ٹیلنٹ موجود ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ اس وقت کروڑوں روپے کی لاگت سے ضلع دیر اور تمام تحصیلوں میں کھیلوں کی سہولیات کی تیاری زور وشور سے جاری ہے ،جبکہ اسکے علاوہ مختلف کھیلوںکے فیسٹول بھی منعقد کئے گئے جس میں ہزاروں کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نئے اے ڈی پی میں ضلع دیر اور انکے تمام تحصیلوں میں جدید طرز کے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے لاکھوںروپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے ،جسکا مقصد یہاں کے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دیر سے ہر قیمت پر نئے کھلاڑیوں کیلئے آگے جانے کا راستہ ہموار کرسکے اور انکی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔انہوںنے یہ بھی بتایاکہ دیر ایک پسماندہ علاقہ ہے لیکن کھیلوں کے میدان میں بہت زرخیز ہے اس وقت یہاں سے کئی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں ،انہوںنے یہ بھی بتایا ہے کہ دیر میں اسی طرح کھیلوں کے میلے لگائے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو کبھی محروم نہیں کریں گے کیونکہ ہر کھلاڑی اس ملک کا سرمایہ ہے، دوسری جانب دیر کے کھلاڑیوں نے ڈی ایس او اپر دیر کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ڈی ایس او اپر دیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقل ڈی ایس او تعینات کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں