عیدالضحیٰ کے موقع پر پشاورمیں سیکیورٹی پلان کے تحت دوہزارسے زائد پولیس اہلکارتعینات

منگل 21 اگست 2018 16:16

عیدالضحیٰ کے موقع پر پشاورمیں سیکیورٹی پلان کے تحت دوہزارسے زائد پولیس اہلکارتعینات
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر قاضی جمیل الرحمن نے عیدالاضحی کے موقع پرشہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے عید گاہوں، حساس مساجد ، تفریحی مقامات ، بازاروں اور بس سٹینڈز کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے لئے 2000 سے زائد اہلکار تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دئیی ۔

اعلامیہ کے مطابق شہر بھر کے تمام عید گاہوںاور حساس مساجد سمیت مویشی منڈیوں ،تفریحی مقامات، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈز کے علاوہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے 2000 سے زائدافسران و اہلکاران تعینات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے منگل کے روز جاری ہونے اعلامیہ کے مطابق شہر کے گنجان آبادبازاروں میں سنیفرڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکاراور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق تمام اہم بازاروں میں گھڑ سوار اہلکاروں کے علاوہ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے ۔عید الاضحی کے دوران شہر میں امن و امان کو بر قرار رکھنے کی خاطرشہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 101 مقامات پر خصوصی ناکہ بندیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ سادہ لوح عوام کو دھوکہ دہی کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے لئے باوردی اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ نوسربازوںکے تدارک کے لئے بھی سفید پارچات میں بھی اہلکار وں کو ڈیوٹی پر مامور کر دیا گیا ہے۔

سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے تمام ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو سیکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور عید الاضحی کے دوران شہر کے امن و امان کو بر قرار رکھنے کی خاطر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں میں بھی نوسربازوں کے خلاف موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہر بھر کے پارکوں وغیرہ کی سکیورٹی بھی فول پروف بنانے اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظررکھنے کی ہدایت کی ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں