محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سکول داخلہ مہم 2018 شروع کردی

جمعہ 14 ستمبر 2018 23:06

پشاور۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکول داخلہ مہم 2018 شروع کردی جن میں 53,000 طلباء پرائیویٹ سکولوں سے آئے ہیں۔ گزشتہ سال کا ہدف 800,000 تھا جس میں سے 795,000 کا ہدف حاصل ہوا۔ اس سلسلہ میں خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے حسین شہید سکول نمبر1 پشاور میں داخلہ مہم 2018 کی تقریب منعقد کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاء اللہ بنگش مہمانان خصوصی تھے۔ محکمہ تعلیم کے سپیشل سیکرٹری اور ڈائریکٹر بھی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی بجٹ 64 بلین سے 138 بلین کردیا گیا ہے۔ موصوف نے والدین، معزز اساتذہ، لوکل ناظمین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور مذہبی رہنمائوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کے بچوں کو سکول داخل کرائیں۔

(جاری ہے)

ضیاء اللہ بنگش نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے تعلیمی نظام کو موثر اور مفید بنانے کے لئے انقلاب آفریں اقدامات کئے ہیں۔ 2017 میں الف اعلان نے انفراسٹرکچر کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے سکولوں کو نمبر ون قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اساتذہ کی استعداد تدریس کو بہتر بنانے کے لئے 800 ملین روپے خرچ کئے ہیں۔ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لئے ہم نے اساتذہ کے لئے انعامات رکھے ہیں اسی حوصلہ افزائی کے تحت 89 ملین روپے کی 2500 ٹیبلٹس اساتذہ کو دی گئیں۔

خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فرید خٹک نے کہا کہ ہم نے سرکاری سکولوں کا معیار اتنا بہتر کیا کہ پرائیویٹ سیکٹر سے 200,000 سے زائد بچے سرکاری سکولوں میں آئے ہیں۔ داخلہ مہم صوبہ کے تمام اضلاع میں 30 ستمبر 2018 تک جاری رہے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں