عذرا جمشید بلا بمقابلہ وویمن چیمبر کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کی صدر منتخب

بدھ 19 ستمبر 2018 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) عذرا جمشید وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن کی بلا مقابلہ صدر ‘ ڈاکٹر صفورہ شاہدسینئر نائب صدر اورافشین ملک نائب صدرمنتخب ہوگئی ہیں۔ اس بات کا اعلان گذشتہ روز الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیاگیا ۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کی ممبران لزیذہ ارباب ‘ نسیم ریاض اور نغمانہ صادق نے شرکت کی ۔

چیئرپرسن مسز فطرت الیاس بلور کی سرپرستی میں الیکشن کا عمل پورا کیاگیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عذرا جمشید ‘ڈاکٹر صفورہ شاہد اور افشین ملک کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان تینوں عہدیداروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیدیا ۔نو منتخب صدر عذرا جمشید ‘ سینئر نائب صدرڈاکٹر صفورہ شاہد اور نائب صدر افشین ملک یکم اکتوبر 2018ء کو اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات میں کارپوریٹ گروپ سے امیدوار عذرا جمشید ‘ شہلا اسد ‘ عالیہ سنگین ولی ‘ بریخنا لیاقت ‘ نسرین عزیز بلور ‘ نیلوفر عزیز جبکہ ایسوسی ایٹ گروپ سے افشین ملک ‘ عامرہ خٹک ‘ ڈاکٹر شاہدہ شاہین ‘ ڈاکٹر صفورہ شاہد اور لیلیٰ حبیب پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکی ہیں ۔جنرل باڈی کا اجلاس 28ستمبر 2018ء کو ہوگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں