محکمہ خوراک کے افسران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں،قلندرلودھی

بدھ 19 ستمبر 2018 22:29

پشاور ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر لودھی نے محکمہ خوراک کے افسران کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے پوری کریں بصورت دیگر کوتاہی برتنے پرانکے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ یہ ہدایات صوبائی وزیر خوراک نے فوڈ ڈائریکٹوریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس میں جاری کیں۔

اجلاس میں سیکرٹری فوڈ محمد اکبر خان ، ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ خائستہ رحمان اور محکمہ فوڈ کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ وزیر خوراک نے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ز کو ہدایات کی کہ وہ ہر ماہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہر حال میں یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران بازار میں گوشت کی دکانوں پر جالی لگانے اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیںتا کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت فراہم ہو سکے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بازار میں نان و روٹی کے مقرر کردہ وزن کو یقینی بنایا جائے جبکہ فروٹ اور سبزی منڈیوں میں محکمہ خوراک کے نمائندے بولی کے دوران موجود رہیں تا کہ عوام کو حکومت کے مقرر کردہ قیمتوں پر معیاری پھل اور سبزیاں دستیاب ہوں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری توجہ عوام کی فلاح اور ان کو معیاری اشیاء خوراک کی فراہمی پر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ خورک گندم کی حفاظت پر مامور ہیں۔ قلندر لودھی نے ہدایت کی کہ مرکز اور مختلف اداروں کے ساتھ زیر التوا کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام دفتری آداب اور اوقات کار کا خاص خیال رکھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے تعریفی اسناد تقسیم کئے جائینگے۔اس موقع پر سیکرٹری خوراک نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ انکی پالیسی کا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کیلئے جلد از جلد ایکشن پلان مرتب کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں