کوہاٹ اور ہنگومیں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا

10ویںمحرم الحرام کے ماتمی جلوس مقررہ مقامات پرپرامن طور پر اختتام پذیرہوئے

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کوہاٹ اور ہنگومیں بھی یوم عاشورہ محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا ۔ اس موقع پر دونوں اضلاع میں پولیس اور انتظامیہ نے پاک آرمی کے ساتھ مل کرسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے اور شہر کی مجموعی سیکورٹی اورماتمی جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس،ایف سی اور پاک فوج کے 3 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کی خدمات حاصل کرلی گئی تھیں جبکہ اس سلسلے میں مقامی علماء کرام،تاجر برادری اور عمائدین علاقہ کا بھی انتظامیہ کو بھر پورتعاون حاصل رہاجس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا اور 10ویںمحرم الحرام خیر وعافیت سے گزرگیا۔

عاشورہ محرم الحرام کے موقع پرشبیہ علم،تعزئیے اور ذوالجناح کی3 الگ الگ ماتمی جلوس بنوں بازار کے رضویہ امام بارگاہ ،سید حبیب امام بارگاہ اور قومی امام بار گاہ سے برآمد ہوئے جو بعد ازاں میلاد چوک میںیکجا ہوکر بڑے مرکزی جلوس کی شکل میں روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے غازی سید حلیم بابا کی مزار پراجتماعی دعاکے ساتھ پرامن طور پر اختتام پزیر ہوا۔

(جاری ہے)

محرم الحرام کے سلسلے میں کوہاٹ اور ہنگو میں قائم جوائنٹ کمانڈ پوسٹ سے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز ،پولیس، پاک آرمی اور انتظامی افسران نے دن بھر ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی۔کوہا ٹ کے کمانڈ پوسٹ میں ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس،پاک فوج کے بریگیڈئیر دوست جاوید چانڈیو، ڈی آئی جی کوہاٹ اعجاز احمد،ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ شاہنواز نوید، اسسٹنٹ کمشنر گل بانواور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ سمیع اللہ اور طاہر علی جبکہ ہنگو کے کمانڈ پوسٹ میں ڈپٹی کمشنر ہنگو شاہ فہد خان، ڈی پی او ہنگو پیر شہاب علی شاہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہنگو عطاء المنعم،اسسٹنٹ کمشنر یوسف کریم اور دیگر افسران پورا دن موجود رہے اورجلوسوں کے اختتام تک لمحہ لمحہ کی آگاہی حاصل کرتے رہے۔

ریسکیو 1122،ٹی اے ایمز اور ڈبلیو ایس ایس بھی جلوسوں کے ساتھ ڈیوٹی دیتے رہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرزامام بارگاہوں کے متولیوںسے باقاعدہ طور پر رابطے میں رہے۔ مذکورہ دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے جانفشانی سے ڈیوٹیاں سرانجام دینے پرپولیس اور پاک آرمی سمیت تمام سیکورٹی اداروں اور سرکاری محکموں کے حکام کوخراج تحسین پیش کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں