پشاور : کار کے ذریعے منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

پولیس نے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 20 کلو گرام چرس برآمد کرلی، ملزم حوالات منتقل

اتوار 23 ستمبر 2018 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے موٹر کار کے ذریعے منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منشیات سمگلر کو گرفتار کر لیا گاڑی کے خفیہ خانوں سے 20 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو حوالات منتقل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ قبائلی علاقہ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والا منشیات سمگلر موٹر کار کے ذریعے منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکہ بندیوں کا حکم دیا جس کے دوران ڈی ایس پی سٹی ii ملک حبیب اور ایس ایچ او تھانہ کوتوالی وارث خان دیگر نفری پولیس کے ہمراہ لاہوری گیٹ ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک گاڑی نمبر 1600 GTM کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 20 کلو گرام چرس بر آمد کرکے ملزم بلال ولد رحمن قوم کوکی خیل سکنہ جمرود کو گرفتار کر لیا ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج رجسٹر کرکے مزید تفتیش کیلئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں