حکومت محکمہ تعلیم کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے،ضیاء اللہ بنگش

مستقلی سے محروم اورملازمت کے دورانیہ ختم ہونیوالے محکمہ تعلیم کے 248 آئی ٹی اساتذہ اورکمپیوٹرلیب انچارج ملازمین کے مسئلے کے بارے میں اگلے ہفتے لاء اور محکمہ اسٹیبلیشمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی جائیگی، مشیرتعلیم خیبرپختونخوا

پیر 24 ستمبر 2018 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) صوبائی مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ حکومت محکمہ تعلیم کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستقلی سے محروم اورملازمت کے دورانیہ ختم ہونیوالے محکمہ تعلیم کے 248 آئی ٹی اساتذہ اورکمپیوٹرلیب انچارج ملازمین کے مسئلے کے بارے میں اگلے ہفتے لاء اور محکمہ اسٹیبلیشمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی جائیگی تاکہ قانون کے مطابق لیگل فریم ورک تیارکیاجاسکے اور لاء اور اسٹیبلشمنٹ اداروں کی سفارشات کے مطابق ان248 آئی ٹی ملازمین کی مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیاجائیگا۔

وہ پشاور میں آئی ٹی اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان ، ڈائریکٹر ایجوکیشن فرید خٹک اور آئی ٹی پراجیکٹ کے ڈائریکٹر صلاح الدین موجود تھے۔

(جاری ہے)

ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ آئی ٹی اساتذہ کے مسائل کے حوالے سے اگلے ہفتے منعقدہ اجلاس کی صدارت وہ خود کریں گے۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ محکمہ تعلیم کی بہتری کیلئے حکومت نے 100 روزہ پلان پرکام شروع کررکھاہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اساتذہ کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاہم وہ اپنی تمام ترتوجہ طلباء پرمرکوز رکھیں تاکہ سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم میں اور بھی بہتری آئے۔ دریں اثناء مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے اکرم خان درانی ماڈل سکول بنوں کے معاملے پرطلباء اوروالدین کی شکایات پر نوٹس لیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ذوالفقار الملک کی سربراہی میں معاملے کی چھان بین کیلئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جوکہ تین دنوں کے اندر اندر اپنی سفارشات تیارکرکے رپورٹ جمع کرے گی جس کی روشنی میں فیصلہ کیاجائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں