حکمران جماعت کنٹینر سے نچے اتر کر عملی اقدامات کریں ،عتیق الرحمن

اتوار 14 اکتوبر 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی نئی حکومت کے صرف ڈیڑھ ماہ میں ہی عوام کاجینا دوبھر ہوگیا ہے۔مہنگائی بڑھنے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسی معاشی پالیسی اپنا ئے کہ جس سے مہنگائی میں کمی ہوسکے اورعام آدمی کوریلیف مل سکے۔

دن بدن مہنگائی،بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور غریب عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔عوام کو زندہ درگور کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی معاشی پالیسیوں سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔تبدیلی کانعرہ لگانے والے بھی اب پریشان دیکھائی دیتے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے عوام کومہنگائی،بیروزگاری اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

اگر تحریک انصاف کی حکومت بھی ان کے نقش قدم پر چلتی رہی تو حقیقی تبدیلی کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

وہ دفتر جماعت اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ عتیق الرحمن نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف،ورلڈبنک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں اور عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم گرارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اس وقت معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ محض دکھاوے کی بجائے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔

آئی ایم ایف اور ورلڈبنک سے چھٹکارہ حاصل کیاجائے۔ماضی میں بھی عالمی اداروں سے قرض لے کر ملکی معاملات چلائے جاتے رہے جس کانتیجہ یہ نکلاہے کہ آج ہر پاکستانی ایک لاکھ30ہزارکامقروض ہوچکا ہے۔اب اگر تحریک انصاف نے بھی عالمی اداروں سے قرض لینے کے لیے کشکول پکڑلیاتوملکی معیشت مزید تباہی کاشکارہوجائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں