’’ سفید چھڑی ‘‘کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس کوہاٹ میں خصوصی بچوں کے لئے سپورٹس گالا کا انعقاد

پیر 15 اکتوبر 2018 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) محکمہ سپورٹس خیبرپختونخوا کوہاٹ نے’’ سفید چھڑی ‘‘کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس میں خصوصی بچوں کے لئے سپورٹس گالا کا انعقاد کیا جس میں کوہاٹ کے خصوصی افراد کے تعلیمی اداروں کے بچوں نے بھر پور حصہ لیا۔ ضلع ناظم کوہاٹ محمدنسیم آفریدی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔

سپورٹس گالا میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کوہاٹ سید سکندر شاہ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ ضلع ناظم تمام بچوں سے فرداً فرداًملے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بچوں میںنقد انعامات اورٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔ ضلع ناظم نسیم آفریدی کااس موقع پر کہنا تھا کہ خصوصی بچے ہماری خاص توجہ کے مستحق ہیں ہمیںان بچوں کی ہرسطح پر مکمل حوصلہ افزائی اورسرپرستی کرنی چاہئے ۔

ان کامزید کہناتھا کہ ان بچوں کو ملک کے مفید شہری بنانے کے لئے ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی اورانہیں ایسی مثبت سرگرمیوں میںشرکت کے برابرمواقع فراہم کیے جائیںگے۔ ضلع ناظم نے ضلعی حکومت کی جانب سے ان بچوں کی ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کا رخیر میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں