ضلعی انتظامیہ ہنگو نے ٹل بازار میں 19 ہیلتھ کیئر فیسیلیٹیز سیل کردیئے

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء)ضلعی انتظامیہ ہنگو نے ٹل بازار میں عطائی ڈاکٹروں ،جعلی اور زائدالمیعاد ادویات اورغیر رجسٹرڈ طبی اداروں کے خلاف بڑے پیمانے پرکارروائی کرتے ہوئے 19 ہیلتھ کیئر فیسیلیٹیز بشمول میڈیکل لیبارٹریز،ڈینٹل کلینکس، ایکسرے کلینکس اورمیڈیکل سٹورزسیل جبکہ درجنوںکو وارننگ جاری کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہنگو شاہ فہد خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر یوسف کریم نے اسسٹنٹ کمشنر ٹل محمدعلی شاہ، پراونشل چیف انسپکٹر ہیلتھ کئیر کمیشن سلمان جلال اور ڈرگ انسپکٹرمحمد ذیشان کے ہمراہ ٹل بازار میں درجنوں ہیلتھ کیئر فیسیلیٹیز کامعائنہ کیا ۔اس دوران غیر رجسٹرڈ اورمعیار پرپورا نہ اترنے والے طبی اداروں کے خلاف بڑے پیمانے پرکارروائی کی اور19میڈیکل لیبارٹریز،ایکسرے کلینکس ،ڈینٹل کلینکس اور میڈیکل سٹورزسیل کردئیے جبکہ درجنوں کو وارننگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرکااس موقع پرکہنا تھا کہ ہمیںانسانوں کی جانیں عزیز ہیں اور کسی کو بھی معصوم انسانی جانوں کی زندگیوںسے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی جعلی اورزائد المیعاد ادویات کے مکرو ہ دھندے میںملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مفاد عامہ میں جعلی اورزائد المیعاد ادویات ،غیر رجسٹرڈ کلینکس اورعطائی ڈاکٹروںکے خلاف کارروائی اسی طرح تواتر کے ساتھ جاری رہے گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں