کلین اینڈ گرین پاکستان ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے پشاور کے مختلف سکولوں کے طلباء کے ساتھ ملکر شہرمیں عوامی مقامات سے پوسٹرز اور وال چاکنگ کو ہٹایا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نوید کامران بلوچ نے صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کردہ ًکلین اینڈ گرین پاکستان ً کے سلسلے میں پشاور کے مختلف سکولوں کے طلباء کے ساتھ مل کر صوبائی دارالحکومت میں عوامی مقامات سے پوسٹرز اور وال چاکنگ کو ہٹایا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے حال ہی میں پشاور کے سرکاری سکولوں میں صوبے کی نوجوان نسل میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے آگہی مہم شروع کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے سرکاری سکولوں کے طلباء میں ہفتہ وار دو گھنٹے سوشل ورک کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں وہ پارکوں اور عوامی مقامات پر جاکر صفائی مہم میں حصہ لیں گے ۔ اس مہم کا مقصد عام لوگوں میں مضبوط ترغیبی پیغام پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ نے مہم کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی دارالحکومت صوبے کے دیگر علاقوں کیلئے صفائی کے لحاظ سے ایک ماڈل بنے گا اور بطور مثال رہنمائی کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ طویل المدتی اور دیرپا اثرات کیلئے بچوں میں پچپن ہی سے صفائی کی اہمیت ڈالنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ صفائی کی یہ سرگرمی ایک دفعہ کی نہیں ہونی چاہئے بلکہ آنے والی نسلوں میں صفائی کی اہمیت اجاگر رکھنے کے حوالے سے یہ سرگرمی مسلسل جاری رہنی چاہئے۔ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے بقول صفائی مہم میں طلبہ کو شامل کرنے کے عمل کو پورے صوبے میں توسیع دی جاسکتی ہے اور اس سے آنی والی نسلوں میں صاف ماحول کو فروغ دینے والی خوبیاں بھی پیدا ہوںگی۔

انہو ںنے مزید کہاکہ ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت پشاور کے مقامی مقامات میں پوسٹر چسپاں کرنے اور وال چاکنگ کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور سینکڑوں خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسسز جاری کردئے گئے ہیں جن کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔انہو ںنے کہاکہ ہر ہفتہ صفائی مہم کے لئے 15 سے 20 سکولوں کو منتخب کیا جاتا ہے جو اپنے متعلقہ حکام کیساتھ اس مہم میں حصہ لیتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ اس مہم کو پشاور میں شروع کئے تین ہفتے ہوئے ہیں اور اب تک اس کے بہت مثبت نتائج ملے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں