پشاور، آرمی برن ہال کالج برائے طلباء کی یوم والدین اور تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب کاانعقاد

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) آرمی برن ہال کالج برائے طلباء کی یوم والدین اور تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب آج کالج گرائونڈ میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق ہالین و لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا تھے۔ اس رنگا رنگ اور پروقار تقریب میںکالج کے پرنسپل و اجد قیوم پراچہ، فیکلٹی ارکان اوراعلٰی سول و ملٹری افسرا ن کے علاوہ کالج کے طلبائو والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر کالج کے طلباء نے جسمانی ورزش، کراٹے، جمناسٹک میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ رنگا ررنگ ثقافتی اور مختلف ادبی پروگرام بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔تقریب کے مہمان خصوصی ایاز سلیم رانا نے طلباء سے اپنے خطاب میں ملک کی تعمیر و ترقی میں مقصدی و معیاری تعلیم اور اساتذہ کی اہمیت کا ذکر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی اور وقار اور اعلیٰ اقدار و استحکام نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت سے ہی ممکن ہے اور یہ مسلمہ حقیقت پوری دنیا میں ترقی یافتہ قوموں کی کامیابی کا اہم راز رہی ہے۔

انہوں نے ملک کو بہترین قیادت کی فراہمی میں آرمی برن ہال کالج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مایہ ناز ادارے نے طلباء میں علمی،ادبی،ذہنی، جسمانی اور نظم و ضبط جیسی صلاحیتیں پیدا کر کے نہ صرف ان طلباء کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنایا ہے بلکہ بے شمار قومی اداروں کی ضروریات بھی پوری کی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایاز سلیم رانا نے پرانے ہالین کی حیثیت سے اپنے زمانہ طالب علمی کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ان جیسے بے شمار ہالین عملی زندگی میں اپنی شاندار کامیابیوں کے لئے آرمی برن ہال سکول و کالج کے ممنون احسان ہیں۔

کالج کے پرنسپل بریگیڈئر واجد قیوم پراچہ نے اس موقع پر پیش کی گئی سالانہ رپورٹ میں کالج کے بہترین نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شریک ہونے والے کالج کے 145طلباء میں سے 104طلباء نے A-1اور Aگریڈ حاصل کرکے کالج کے مجموعی جی پی اے کو 4.87کے ریکارڈ تک پہنچایا جبکہ میٹرک امتحانات میں 159میں سے 152طلباء نے A-1اور Aگریڈ حاصل کیا جس سے کالج کی تاریخ کا بہترین جی پی اے 5.72رہا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح او لیول میں 142طلباء نے اے سٹار، اے اور بی گریڈ حاصل کئے اور یہ کامیابیاں طلباء کی محنت ا ور اساتذ ہ کی لگن و صحیح رہنمائی کی بدولت ممکن ہوئیں۔ کالج کے طلباء نے سالانہ تقریب کے موقع پر مختلف سائنسی اور فائن آرٹس کی دلچسپ نمائشوں کا اہتمام بھی کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال بھر کے دوران مختلف نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور ٹیموں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔#

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں