کے پی فوڈ اتھارٹی کی ایگریکلچر یونیورسٹی میں رٹ قائم

یونیورسٹی انتظامیہ نے اتھارٹی کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، ناقص خوراک اور غیرمعیاری اشیا کے استعمال پر شمس کینٹین سیل کردیا

منگل 23 اکتوبر 2018 18:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال اتھارٹی نے پیر کو عوامی شکایات پر پشاور ایگریکلچریونیورسٹی کینٹین کو ناقص خوراک اور غیرمعیاری اشیا کے استعمال پر کینٹین کو تین دن کیلئے سیل کردیا۔ سیلنگ کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ اور اتھارٹی اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر معاملہ اعلی حکام تک جا پہنچا۔

ترجمان کے پی فوڈ کا کہنا ہے کہ کینٹین کو کئی مرتبہ وارننگ اور ایمپرومنٹ نوٹسز دیے جاچکے ہیں جبکہ کینٹین انتظامیہ کوئی بھی بہتری لانے میں ناکام رہی۔ فوڈ اتھارٹی کا عملہ جب سیل کرنے پہنچا تو یونیورسٹی انتظامیہ خواب خرگوش سے جاگ اٹھی۔ بدھ کو یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور فوڈ سائنسز کے ڈین کی سربراہی میں جرگہ نے فوڈ اتھارٹی کے اعلی حکام سے ملاقات کی اور گزشتہ روز ہونے والے واقعے کی تلافی کیلئے موقف اپنایا کہ دونوں ادارے عوامی شعور اور فلاح کیلئے سرگرم ہیں لہذہ مل کرکام کرنا چاہئے اور طلبا اور انتظامیہ کی رویے کی تلافی کیلئے درخواست کی جس پر اعلی حکام نے جرگے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قانونی چارہ جوئی پوری کرنے اور آئندہ کیلئے محتاط رہنے کا عندیہ دیتے ہوئے جرگہ منظورکرلیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں جاتی رہی ہیں اور طلبا کو محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے اپنی خدمات دیتے رہے ہیں اور کے پی کا کوئی بھی تعلیمی ادارہ کے پی فوڈ اتھارٹی کی پہنچ سے مستثنی نہیں۔واضح رہے کہ کے پی فوڈ اتھارٹی کو تاحال شمس کینٹین سے متعلق درجنوں شکایات موصول ہوئیں جس میں لکھا گیا تھا کہ پچھلے پچیس سال سے کینٹین ایک ہی ٹھیکیدار کے پاس ہے جس میں ذرہ برابر بہتری نہیں لائی جارہی اور طلبہ مضر صحت خوراک کھانے پر مجبور ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں