خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے وفد کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 23 اکتوبر 2018 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایک وفد نے پاکستان کے لئے IMF کی ریذیڈینٹ نمائندہ مس ٹیریسا ڈبن سانچزMs.Terese Daban Sanches کی سربراہی میں پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان اور باالخصوص خیبر پختونخوا کی عمومی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے توانائی کی پیداوار کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے،اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نظام کو فعال بنانے،سیاحت کو فروغ دینے اورنوجوانوں کی تربیت کے علاوہ روزگار کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت نہ صرف سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا ہورہا ہے بلکہ کاروباری طبقے سمیت معیشت سے منسلک دیگر لوگوں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مس ٹیریسا ڈبن سانچز نے حکومت کی جانب سے اصلاحات کے ذریعے گورننس کو بہتر بنانے اورصوبے کی اقتصادی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے جہاںصوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا وہاں کاروباری طبقے کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ IMF کی ریذیڈینٹ نمائندہ نے شاندار استقبال پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اورخیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے اور کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں