وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی فارماسوٹیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گی،عامرمحمودکیانی

منگل 13 نومبر 2018 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی سے خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انجینئر زاہد عارف کی سربراہی میں سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر سعد خان زاہد ،ْ خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مقبول ،ْ سینئر نائب صدر اشفاق پراچہ ،ْ سرحد چیمبر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور ،ْ گدون فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ارشد محمود اور حطار فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سلمان خان پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر انجینئر زاہد عارف اور وفد کے دیگر اراکین نے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کو خیبر پختونخوا کی فارماسوٹیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل پر مشتمل 8 نکاتی ایجنڈا اور ان مسائل کے حل کیلئے اہم سفارشات پیش کیں۔

(جاری ہے)

وفد نے انہیں بتایا کہ خیبر پختونخوا میں مشکل حالات کے باوجود فارماسیکٹر ا ترقی کر رہا ہے تاہم وفد نے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی سے درخواست کی کہ فارماسوٹیکل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کردیئے جائیں تو یہ انڈسٹری نہ صرف ایکسپورٹ کو فروغ دے سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی کے لئے بھی اپنا اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انجینئر زاہد عارف اور ممبران کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل اتفاق کیااور انہیں یقین دلایا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی فارماسوٹیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے 100 روزہ پلان میں خیبر پختونخوا کی صنعتی اور تجارتی ترقی کا ایجنڈا بھی شامل ہے اور اس ایجنڈے پر عملدرآمد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی معیشت کے استحکام کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف جنگ کے باوجود خیبر پختونخوا میں صنعتی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر بزنس کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کیا خاص طور پر فارماسوٹیکل انڈسٹری کی گروتھ کو سراہا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لیا جائے گا اور ان کی باہمی مشاورت سے فارماسوٹیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل بالخصوص ایکسپورٹ کے فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کیا جائیگا ۔

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر سعد خان زاہد نے وفاقی وزیر صحت کو سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آنے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ 15 دن کے اندر سرحد چیمبرکا دورہ بھی کریں گے اور صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے وفد کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی مشاورت کی جائے گی اور انہیں ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدرانجینئر سعد خان زاہد نے سرحد چیمبر آمد کی دعوت قبول کرنے اور فارماسوٹیکل انڈسٹری کے مسائل ہمدردانہ طور پر سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر صحت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں