خیبر پختونخوا اور چینی حکومت کاسی پیک کے تحت رشکئی سپیشل اکنامک زون کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کرنے پر اتفاق

منگل 13 نومبر 2018 23:51

پشاور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کے مابین معاشی تعاون کا ایک تاریخی منصوبہ اور عشروں پر محیط پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔سی پیک (CPEC )منصوبہ پاکستان کیلئے باالعموم اور خیبرپختونخوا کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے باالخصوص انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔خیبر پختونخوا حکومت کی ہرممکن کوشش ہے کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے اور مستقبل قریب میں روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کیلئے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا جاسکے اور اس مقصد کے لئے حکومت مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارخیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے چین کے سفیر یائو جنگ سے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خیبر پختونخوا اور چین کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعاون باالخصوص سی پیک منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں رشکئی سپیشل اکنامک زون کی اہمیت اور اس سے پیداہونے والے روزگار کے مواقعوں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی اور دونوں جانب سے رشکئی اکنامک زون کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر اور اس ضمن میں تمام تر سہولیات کی فراہمی اور اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا کے اندراور خاص طور پر سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ ان مواقعوں سے استفادہ کیلئے چینی سرمایہ کاروںکے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

چینی سفیر نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں ترقی کے عمل کو تیز ،اداروں کو مضبوط اور عوام کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ خیبر پختونخوا کی معاشی خوشحالی وپائیدارترقی کا ضامن ہوگا اورصوبائی حکومت اس منصوبے کے تحت صوبے میںجاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں