افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑکی شہادت کی تصدیق کردی

ایس پی طاہرداوڑکی میت وصول نہیں کی جاسکی پولیس ٹیم تمام دن طورخم بارڈرپر انتظارکے بعد واپس آگئی ہے،شوکت یوسفزئی طاہر داوڑ کی شہادت کو اپنے جوان کا قتل سمجھتے ہیں ، پاک افغان ممالک کو واقعے کی تحقیقات کرنی چاہئے،افغان سفیرعمرذاخیل وال

بدھ 14 نومبر 2018 23:42

پشاور۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) افغان حکام نے خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑکی شہادت کی تصدیق کردی ہے، افغان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ کے مطابق لاش گزشتہ روز ننگر ہار صوبے کے ضلع دور بابا میں مقامی افراد کو ملی تھی جس کی اطلاع پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کردی ہے۔

افغان حکام نے بتایا کہ لاش کے ساتھ ایس پی طاہر خان کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لاش کو کاغذی کارروائی کے بعد جلال آباد میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے حکام کے حوالے کیا جائے گا اور پھر ایس پی طاہر خان کے جسد خاکی کو براستہ طورخم سرحد پاکستان لایا جائے گا۔ ادھر خیبرپختونخواکے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ طاہرداوڑکی شہادت کی افغان حکومت نے تصدیق کردی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی طاہرداوڑکی میت وصول نہیں کی جاسکی ۔پولیس ٹیم تمام دن طورخم بارڈرپر انتظارکے بعد واپس آگئی ہے ۔مرحوم کی جسد خاکی (آج)جمعرات کوپاکستان کے حوالے کیے جانے کی توقع ہے، انہوں نے کہاکہ طاہرداوڑکی نمازجنازہ پشاورمیں ادا کی جائے گی نمازجنازہ کے بعد میت ورثاکے حوالے کی جائے گی۔ دریں اثناء پاکستان میں متعین افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر ذاخیل وال نے پشاورمیں منعقدہ ایک تقریب کے بعدمیڈیا سے بات چیت کے دوران کہنا تھاکہ طاہر داوڑشہیدکے بارے میں مجھے بھی اتنا ہی پتہ ہے جتنا کہ میڈیاکوعلم ہے بہت افسوسناک واقعہ ہے اس پر سوالات اٹھیں گے کہ وہ کیسے اسلام آباد سے افغانستان پہنچے اور وہاں شہید ہوئے، طاہر داوڑ کی شہادت کو اپنے جوان کا قتل سمجھتے ہیں ،انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ طاہر داوڑ کی بیٹی اپنے والد کی تصویر اٹھائے آنکھوں میں اپنے والد کی واپسی کی آس لئے ہوئی ہے اب ایسے واقعات ختم ہونے چاہیے مصالحت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے،دونوں ممالک کو اس حوالے سے تحقیقات کرنی چاہیے ۔

واضح رہے کہ ایس پی طاہرداوڑاپنے گھر اسلام آباد گئے تھے جہاں سے وہ 27اکتوبرکو لاپتہ ہوگیا۔بعدازاں تھانہ رمنامیں ایس پی کی اغوائیگی کامقدمہ انکے بھائی فرہان الدین داوڑکی مدعیت میں درج کیاگیا جس میں365کادفعہ چارج کیاگیاہے،منگل کے روز ایس پی طاہر داوڑ کو شہید کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں جن کی تشددزدہ لاش کی تصاویرسوشل میڈیاپربھی وائرل ہوگئی تھیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں