رشکئی اکنامک زون صوبے میں صنعتی اور تجارتی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا‘ عبدالکریم

پیر 19 نومبر 2018 23:20

پشاور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وتجارت عبدالکریم خان نے پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں رشکئی اکنامک زون کے حوالے سے قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ رشکئی اکنامک زون جوسی پیک منصوبے کے تحت قائم کیا جائیگا اس صوبے کی خوشحالی وترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا۔ اجلاس میں اس منصوبے کی جلدازجلد تکمیل کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا اور متعدد تجاویز زیر بحث لائی گئیں۔ معاون خصوصی نے یقین دلایا کہ اس منصوبہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر قسم کی کوشش کی جائے گی۔خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگز یکٹیو آفیسر نے منصوبہ کے خدوخال اور ڈھانچہ پر پیشرفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری عثمان یعقوب دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں