کمراٹ میں ہوٹل کے قیام اور کیمپنگ سپاٹ کیلئے موزوں مقامات کا تعین کیا جائے گا، صبغت الله

منگل 20 نومبر 2018 22:12

پشاور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ضلع دیر بالا سے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت صحت ،و تعلیم کے ساتھ ساتھ ذرائع مواصلات کے شعبے کی بہتری اور اصلاح کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت یو سی شرینگل کے ناظم شاکر اللہ نے کی ۔

وفد نے رکن قومی اسمبلی کو کمراٹ رابطہ سڑک تھل میں ہسپتال کے قیام اور علاقے کے لوگوں کو دیگر درپیش مسائل ومشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ممبر قومی اسمبلی نے وفد کو یقین دلایا کہ کمراٹ رابطہ روڈ اور تھل میں ہسپتال جلد از جلد تعمیر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیںگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی حسن سے مالا مال جنت نظیر وادی کمراٹ میں ہوٹل کے قیام کے ساتھ ساتھ کیمپنگ سپاٹ کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا جائے گا تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام سہولیات فراہم ہوں ۔

انہوں نے وفد سے کہا کہ وادی کمراٹ کے قدرتی حسن کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجودہ جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ جنگلات لگانے میں حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لیے محکمے کے اہلکاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں تاکہ جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں