خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

پیر 10 دسمبر 2018 17:38

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس سے سردی میں اضافہ ہوا تاہم ماحولیاتی آلودگی میںکمی واقع ہوئی ہے بارش کا سلسلہ پیر کے دن بھی وقفے وقفے سے جاری رہاجبکہ پشاورمیں بارش اور ابر آلود موسم نے سردی کی شدت بڑھادی۔

سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار مری اور گلیات کا رخ کیا تاہم جی ڈی اے کی جانب سے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑی میں اضافی پیٹرول و دھاتی زنجیر ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اس کے علاوہ اسکردو میں آئندہ 24 گھنٹے برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سیاحتی مقام کالام میں رات گئے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 6 انچ سے زیادہ برف پڑچکی ہے۔

(جاری ہے)

برف باری کے باعث وادی نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ استور میں بھی گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے برف باری جاری جس کی وجہ سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال اور گرد و نواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے۔ صوابی میں بارش اور نوشہرہ میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ادھر کشمیر کے شمالی وسطی اور جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے ۔ وادی گریز، بالائی وادی نیلم، وادی جاگراں، وادی سرگن، سدھن گلی، خورشید آباد، راولا کوٹ اور پونچھ کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔کشمیر کی وادی جہلم، ہٹیاں بالا، چکار، چکوٹھی، گڑھی دوپٹہ، باغ، حویلی ہجیرہ میں بارش کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسلہ دوروزتک جاری رہے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں