جنوبی وزیر ستان کے لوگوں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،اجمل وزیر

حکومت اور ریاست ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیگی اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

پیر 10 دسمبر 2018 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ جنوبی وزیر ستان کے لوگوں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ حکومت اور ریاست ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگی اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں وانہ ویلفیئر ارگنائزیشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف نے بھی شرکت کی۔اجمل خان وزیر نے کہا کہ انضمام کا عمل 95فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ بیروزگاری علاقے کا اہم مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے جس کے تحت پولیس اور لیویز میں مقامی لوگوں کی بھرتی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجمل خان وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان ضم شدہ اضلاع کے عوام کی سترسالہ محرومیوں کے ازالے کے لیے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع معدنی وسائل سے مالا مال ہیں اور اس سلسلے میں ہونے والی آمدنی انہی علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خر چ کی جائے گی ۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ ضم شدہ علاقوں کے عوام ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں گے اور حکومت کی کو شش ہے کہ آئندہ سال مئی تک ان علاقوں میںصوبائی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل کیا جائے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ موبائل کمپنیاں بھی جلد ہی ضم شدہ علاقوں میں کام شروع کر دیں گی۔ انہوں نے وانہ ویلفیئر آرگنائزیشن کی خدمت کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں