حکومت فلاحی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل اداروں کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،فضل حکیم خان

پیر 10 دسمبر 2018 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فلاحی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل اداروں کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ عظیم لوگ وہ ہیں جو اپنا آرام ضرورت مند انسانوں کی راحت کیلئے قربان کر دیتے ہیں فلاحی تعلیمی ادارے پرورش کے ڈائریکٹر نعیم اللہ نے جو پودا لگایا تھا وہ اب تناور درخت بن چکا ہے جو نہ صرف مینگورہ شہر بلکہ ضلع سوات کے دیگر یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت کے علاؤہ انہیں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے مصروف عمل ہے وہ پرورش سکول میں پوزیشن ہولڈرز طلباء میں تقسیم انعامات کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے اس موقع پر فضل حکیم خان تمام کلاس رومز میں جا کر طلباء سے ملے اور ان سے تعلیمی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا انہوں نے پرورش فاونڈیشن کے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم دینے کی زبردست تعریف کی اور یقین دلایا کہ فاونڈیشن کی سرگرمیوں میں سوات کے ممبران اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے حکام بھر پور تعاؤن کرینگے تقریب میں فضل حکیم خان نے پرورش سکول میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں سائیکل اور دیگر انعامات تقسیم کئے فضل حکیم خان نے کہا کہ مجھے خوشی اور دلی سکون ملتا ہے جب پرورش اور خپل کور جیسے ادارے یتیم اوربے سہارہ بچوں کو تعلیم و تربیت سمیت زندگی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان جیسے اداروں کی حوصلہ افزائی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ یہ بچے بڑے ہوکر دنیا کے ہرشعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کرینگے انہوں نے ملک کے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان اداروں کیساتھ فراخدلانہ تعاون کریں اور خود بھی دکھی انسانیت کیلئے آگے آئیں کیونکہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کا یہ بہترین راستہ ہے انہوں نے پرورش کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ دن رات ان بچوں کی خدمت کیلئے حاضر ہیں کیونکہ یہ پھول جیسے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں ان کا بہترین مستقبل یقینی بنانا ہم سب کا مشترکہ فرض ہے اس موقع پر پرورش کے ڈائریکٹر نعیم اللہ نے کہا کہ فضل حکیم خان جیسے عوامی نمائندوں اور حکمرانوں کی آج ہم سب کو اشد ضرورت ہے کیونکہ ان کی خدمات اور تعاون فلاحی اداروں اور دکھی انسانیت سے فراخدلانہ ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے 2009 میں اس ادارے کی شروعات کی تھیں اور اُس وقت 13بچوں کوجماعت دوئم تک تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کررہے تھے اب 290 بچوں کو ایف ایس سی تک تعلیم و تربیت سمیت زندگی کی بہترین سہولیات بالکل فری فراہم کررہے ہیں اور بورڈ میں ان تمام بچوں کی اے ون گریڈ ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں