صوبائی وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا سے امریکی قونصل جنرل کی سربراہی میں وفدکی ملاقات

پیر 10 دسمبر 2018 23:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے پشاور میں امریکی قونصل جنرل مسٹر جانتھن شرائر (Mr.Jonathan Shrier)کی سر براہی میں یو ایس ایڈ کے نمائندہ وفد جس میں مشن ڈائریکٹر مسٹر جیری بسن بھی شامل تھے نے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، سیکرٹری محکمہ خزانہ شکیل قادر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوںمیں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفد کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ اور اعلیٰ حکام کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مختلف شعبو ں میں باہمی مشاورت سے کام کرنے پر دلچسپی کا اظہار بھی کیا گیا۔ وفد نے خیبر پختونخوا میں مختلف شعبوں سمیت مونسپل سروسز کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے بھر میں متعلقہ شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے صوبائی وزیرخزانہ تیمور جھگڑاکو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں تعلیم اور صحت سمیت دیگرشعبوں کو بہتربنانے کے لئے مالی معاونت کی جائیگی۔تیمور سلیم خان جھگڑا نے وفد کی جانب سے تعاون کی پیشکش اور دیگر اقدامات کو سراہا اور وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت بھی ان تمام شعبوں میں بہتر ی کے لئے لانے کیلئے کوشاں ہے اور خصوصی طور پر بے روز گاری کے خاتمے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے وفد کوبتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع کے معاشی ڈھانچے کی مستقل بنیادوں پر استحکام کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی اکنامک گروتھ اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صوبے کے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائینگے اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے روزگارکی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ۔

اس موقع پر محکمہ خزانہ کے سیکرٹری شکیل قادر خان نے وفد کومحکمے کی جانب سے بریفنگ دی اور کہا کہ صوبے میں یوتھ ،پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنے اورمعاشی ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو شانہ بہ شانہ لیکر چلیں گے اور حکومت کی جانب سے اُن کی مکمل طور پر مدد کیجائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے USAIDوفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان تمام امور کا جائزہ لینے کیلئے دو ہفتوں میں دوبارہ ملاقات کا انعقاد کیا جائیگا اور صوبے کی معاشی حالت مستحکم کر نے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جا ئینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں