تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے، ضیاء اللہ بنگش

پانچ سالہ پلان کے تحت سکولوں سے باہر طلباء کو سکولوں میں لایاجائیگا،اجلاس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم کے پانچ سالہ منصوبے کے تحت سکولوں سے باہر طلباء کونہ صرف سکولوں میں لایاجائیگا بلکہ تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے پانچ سالوں کے دوران 65 ہزار نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے جبکہ 5 سالوں کے دوران پرائمری، مڈل اور سیکنڈری لیول پرکورس کی بہتری کیساتھ ساتھ طلباء پربھی خصوصی توجہ دی جائیگی تاکہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق طلباء کو تیار کیاجاسکے۔

وہ محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم کے 5 سالہ پلان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیرخزانہ تیمورسلیم خان جھگڑا، سیکرٹری ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹرمحمد اجمل، سپیشل سیکرٹری ارشد خان، ڈائریکٹرایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ڈائریکٹر ایجوکیشن ضم شدہ قبائلی اضلاع ہاشم خان اور محکمہ تعلیم کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ ہم نے 100 روزہ پلان میں اپنے لئے سمت متعین کیاتھا اوراب آگے جاکر ہم اپنے مقرر کردہ اہداف کو 5 سالوں کے دوران حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے مقررکردہ اہداف کے حصول سے نہ صرف معیار تعلیم میں بہتری آئیگی بلکہ ہم ملک و قوم کو سکلڈ نوجوان بھی فراہم کریں گے۔ اسی طرح نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی تعلیم کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کردی گئی ہے کہ ہر بچہ سکول میں ہوں، ہم واوچرز سکیموں اورحکومت کی طرف سے شروع کردہ نئے منصوبوں کے تحت ضرورت مند طلباء کی مدد بھی کریں گے۔

مشیر تعلیم نے کہا کہ ہماری نئی اصلاحات میں ہم پرائمری لیول اور خصوصاً کچی لیول کی تعلیم پربھی خصوصی توجہ دیں گے اور کچی لیول پربہترین اساتذہ، بہترین تعلیمی ماحول اور تمام سہولیات طلباء کو فراہم کی جائیگی۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ 100روزہ پلان میں ہم نے کئی اہداف حاصل کے ہیں جس میں آئی ٹی بورڈ کے ساتھ MoU، سکولوں میں کھیل کود کی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور داخلہ مہم کا کامیاب انعقاد ہے۔

انہوں نے کہاکہ پراونشل منیجمنٹ سروس کیڈر کے آفیسرز کو بھی تجرباتی بنیادوں پر بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز تعینات کیاجاسکے گا جوکہ شروع میں صرف پشاور میںہوگا، جن کی تعیناتی کا دورانیہ 3 سال ہوگا۔ جبکہ تعلیم کی بہتری کیلئے نجی سکولوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی تاکہ وہ بھی اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں