دہشت گردانہ اور منفی سوچ کو شکست دینے کے لئے نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہو گا۔مشیر تعلیم

منگل 11 دسمبر 2018 23:28

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیربرائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ دہشت گردانہ اور منفی سوچ کو شکست دینے کے لئے نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے کھیلوں کے میدان آباد کر نا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی کے پیش نظر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم اور صحت کے بعد کھیلو ں پراپنی خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور کھیلوں کے فروغ پر اربوں روپے کے ریکارڈ فنڈز خرچ کررہی ہے ۔

وہ ضلع کوہاٹ کے تحصیل گمبٹ میں پہلے خٹک آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ٹانک اورڈی آئی خان کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جسے اولذکر نے جیت لیا۔

(جاری ہے)

تقریب میںپی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم ،ڈسٹرکٹ کونسلرزساجد اقبال،شوکت خان ، عمائدین علاقہ اور شائقین فٹ بال کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

ضیاء بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے اور انہیں سماجی برائیوںسے دور رکھنے کے لئے پارٹی پالیسی کے مطابق یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈز تعمیر کر رہی ہے جن کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جاری ہے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ خوشحال پاکستا ن کے لئے صحت مند نسل انتہائی ضروری ہے اور صحت مند نسل تب پیدا ہوگی جب نچلی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کی سہولیات میسرہوں گی یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی برابر کام کررہی ہے تاکہ باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی ہو اور سب کو بلا تفریق آگے بڑھنے کے مواقع ملیں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوںکو آگے لانے کے لئے صوبائی،ڈویژن، ضلع، تحصیل ،یونین کونسل اور سکول کی سطح پر مختلف کھیلوں کا انعقادکررہی ہے جن کے کامیاب کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ بحیثیت ایک مایہ ناز عالمی کھلاڑی عمران خان کی توجہ صحت مند نسل پیدا کرنے پر مرکوز ہے اور وہ بارہا اس بات کا اعادہ کرچکے ہیں کہ وہ اپنی نوجوان نسل کی بہتری اور فلاح کے لئے آخری حد تک جائیں گے ۔مشیر تعلیم نے اس موقع پرگمبٹ سٹیڈیم میںکمروں کی تعمیر،واٹر پمپ کی تنصیب اورتماشائیوں کے لئے سٹینڈ کے علاوہ تولنج روڈ ،خدرخیل قبرستان روڈ اورمحلہ اعوان روڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں