عبادت گاہوں کی دیواروں کے باہرخصوصی صفائی اور کوڑا کرکٹ کو فوری ہٹانے کا حکم

منگل 11 دسمبر 2018 23:45

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے مذہبی عبادت گاہوں ، مساجد اور اقلیتی عبادت گاہوں کے باہر صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہدایات جاری کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کو ہفتہ وار کھلی کچہر ی میں مذہبی عبادت گاہوں کے قریب صفائی کی ابتر صورتحال کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد انھوں نے پشاورکے مختلف علاقوں میں مذہبی عبادت گاہوں کا دورہ کیاجس کے بعد انھوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ مذہبی عبادت گاہوں ، مساجد اور اقلیتی عبادت گاہوں کے باہر صفائی کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے جبکہ کرسمس کے موقع پر گرجا گروں کے باہر صفائی کی صورتحال کو بھی بہتر کیا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے پشاور کی تاجر برادری اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کر تے ہوئے کوڑے کے کنٹینرز پر صبح 8 بجے سے رات 7 بجے تک سینٹری ورکرز کی غیر حاضری کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور کی ہیلپ لائن 1052 پر اطلاع کریں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پشاور کی صفائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔انھوںنے کہا کہ کلین اینڈ گرین پشاور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے انھوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کا سٹاف صبح 8 بجے سے رات 7 بجے تک کوڑے کے کنٹینرز پر ڈیوٹی انجام دے تاکہ پشاور کے شہریوں کو صفائی کی صورتحال میں بہتری نظر آئے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کی نگرانی سے پشاور میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ پشاور کو کلین اینڈ گرین بنانے میں انتظامیہ سے تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں