خیبر پختونخوا کی طرف سے یو ایس اوپن میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں میں کٹس تقسیم

بدھ 12 دسمبر 2018 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) قبائلی اضلاع کی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اور یوتھ سروس پاکستان آرگنائزیشن کے سربراہ شاہد خان شینواری اور ڈی جی سپورٹس جنید خان نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کی طرف سے یو ایس اوپن میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں میں کٹس تقسیم کیں اس سلسلے میں گزشتہ روز پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں میں کٹس تقسیم کی گئیں ‘اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیز اللہ خان ‘اے ڈی نعمت اللہ خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ کھلاڑیوں میں لائبہ اعجاز انڈر19 ‘ انڈر11 میں عبدالاحد‘انڈر15 میں حارث خان اور انڈر19 میں اویس خان شامل تھے ‘ شاہد خان شینواری بحیثیت دستے کے سربراہ کے ٹیم کیساتھ شرکت کریں گے ‘شاہد خان شینواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ایس اوپن میں شرکت کھلاڑیوں کے لئے بڑا اعزاز ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں پشاور اور خیبر ڈسٹرکٹ کے کھلاڑی بھی شامل ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی ان مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو اسی طرح سہولتیں اور مواقع ملتے رہے تو یہی کھلاڑی مستقبل میں جان شیر خان ‘جہانگیر خان کی طرح سکواش کی دنیا پر راج کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس جنید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا اور انہیں مزید بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی کھلاڑی دنیا بھر میں ملک و قوم کانام روشن کریں گے ‘ڈی جی سپورٹس جنید خان نے کہا کہ انتہائی قلیل عرصے میں ریکارڈ مقابلوں کا انعقاد کرایا اس کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر میں کھیلوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا گیا ہے اور اب بھی کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے مستقبل میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے اور ہمیں بڑی تعداد میں بہترین کھلاڑی ملیں گے جو دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو سربلند کریں گے اور ملک و قوم کے لئے اعزازات جیتیں گے۔

پاکستان سکواش فیڈریشن کی طرف سے اعلان کردہ یو ایس اوپن کے لئے ٹیم میں انڈر 19 میں عباس زیب ‘انڈر15 میں محمد حمزہ خان اور نور زمان جبکہ انڈر13 میں حمام احمد شامل ہیں ٹیم ان مقابلوں میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہوگئی ہے یو ایس اوپن کے مقابلے پندرہ سے اٹھارہ دسمبر تک بوسٹن میں ہونگے جبکہ برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ دو سے چھ جنوری تک برمنگھم میں ہوگی جس میں انڈر19 میں عباس زیب ‘حارث قاسم ‘ فرحان ہاشمی اور اسد اللہ انڈر17 کیٹیگری میں شرکت کریں گے جبکہ حمزہ خان ‘نور زمان اور محمد اشرف عرفان انڈر15 کیٹیگری میں شامل ہیں انس علی شاہ اور حمام احمد انڈر13 ایج گروپ میں شامل ہونگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں