بہترین پالیسی کی بدولت جہالت کے اندھیروں کاخاتمہ کردیاجائیگا، ضیاء اللہ بنگش

بدھ 12 دسمبر 2018 23:18

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ ایجوکیشن سیکٹر کے پانچ سالہ پلان کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں گے،محکمہ تعلیم نے اہداف کا تعین کیاہے اور بہترین پالیسی کی بدولت تعلیمی معیار کی بہتری کیساتھ ساتھ صوبے سے جہالت کے اندھیروں کاخاتمہ کردیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی تعلیم پر بھرپور توجہ دی جائیگی اور اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ سالہ پلان میں ان اضلاع میں جزوی اورمکمل طور پر تباہ شدہ 853 سکولوں کو بھی تعمیرکیاجائیگا جبکہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے پیش نظر پرائمری لیول کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پانچ سالہ پلان کے جائزہ اجلاس کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم ضم شدہ اضلاع ہاشم خان اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ جمعرات13 دسمبر کو ساڑھے تین بجے گورنمنٹ شہید اسامہ ظفر گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول پشاور سٹی میں منعقدہ تقریب میں محکمہ ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پانچ سالوں میں مقررکردہ اہداف اور 100 دنوں میں حاصل کردہ اہداف سے عوام کو آگاہ کیاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ 5 سالہ پلان میں نئے سکولوں کی تعمیر، سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے اساتذہ کی تعیناتی اور سکولوں سے باہر بچوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کی گئی ہے جبکہ ٹیکنالوجی سے طلباء کو روشناس کرانے اور انہیں دورجدید کے تقاضوں کے مطابق تیارکرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ مشیر تعلیم نے کہاکہ عوام کو ایک واضح تبدیلی محسوس ہوگی اور پرائمری لیول پرخصوصی توجہ دینے کیساتھ زنانہ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں