پہلے سو روز میں آئندہ پانچ سال کیلئے محکمے کی ترجیحات طے کرلی گئیںہیں ، شہرام ترکئی

بلدیاتی نظام کا پہلا درافٹ تیار کرلیا گیا ہے جس میں تحصیل حکومت کو زیادہ بااختیار بنایا گیا ہے،صوبائی وزیر بلدیات

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز ودیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے اپنے محکمے کی پہلے 100روز کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور پارٹی منشور کے مطابق پہلے سو روز میں آئندہ پانچ سال کیلئے محکمے کی ترجیحات طے کرلی گئیںہیں جن میں نیا بلدیاتی نظام، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں حلقہ بندیاں اور انتخابات، کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت صوبے میں اقدامات ، پینے کے صاف پانی پر قائم ٹاسک فورس کی فعالیت ،پشاور شہر کی صفائی ،بی آر ٹی کی بروقت تکمیل اور دیگر کئی اہم منصوبے اور اقدامات شامل ہیں۔

ذرائع ابلاغ کیلئے اپنے ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ نیا بلدیاتی نظام ان کے محکمے کی اولین ترجیح ہے کیونکہ اس کا تعلق براہ راست ایک عام آدمی کی زندگی اور آنے والی نسلوں سے ہے۔

(جاری ہے)

نئے بلدیاتی نظام کا پہلا درافٹ تیار کرلیا گیا ہے جس میں تحصیل حکومت کو زیادہ بااختیار بنایا گیا ہے۔ اسی طرح صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں حلقہ بندیاں کراکر وہاں انتخابات کرانا بھی محکمے کی ترجیحات میں شامل ہے جس سے ان اضلاع کے احساس محرومی میں کمی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی او رعوام اپنے فیصلے خود کرسکیں گے۔

شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کو کامیابی سے ہم کنار کرانے کا ٹاسک محکمہ بلدیات کو د یاگیا ہے جس کیلئے محکمے کے تمام ذیلی ادارے ایک ٹیم کی صورت کا م کررہے ہیں اور اسے کامیاب بنانے کیلئے پرُعزم ہیں وزیر بلدیات کا کہناتھا کہ پینے کے صاف پانی کے حوالے سے قائم صوبائی ٹاسک فورس کو پوری طرح فعال کرکے صوبے میں صاف پینے کے پانی کے مسائل کو حل کردیں گے جبکہ زیرزمین پانی کی سطح برقرار رکھنے، نئی واٹرسپلائی سکیمیں لگانے، غیر فعال سکیموں کی بحالی، بوسیدہ پائپ لا ئینوںکی تبدیلی اور صاف پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

صوبائی دارلخلافہ پشاور کی صفائی اور اسے سرسبز و شاداب بنانے کے لئے اقدامات کے حوالے سے شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اگلے پانچ سال کے دوران شہرمیں سرکاری پلاٹس، خالی اراضی یاجہاں غیر قانونی طور پرکچرا پھینکا جاتا ہے وہاں پارکس تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ پودے اور درخت لگائیں جائیں گے جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور شہریوں کو رہنے کے لئے صاف ماحول میسر آئے گا۔

اسی طرح شہر سے گزرنے والی 5 نہروں کے اردگرد شجرکاری اوربچوں کے لئے کھیل کے میدان بنائے جائیں گے۔صوبائی وزیرنے کہاکہ شہرکی صفائی کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے اورکچرا ٹھکانے لگانے کے لئے نئی مشنری اور رکشا سروس متعارف کروائی گئی ہے۔شہرام خان ترکئی نے کہاکہ 7 ڈویژنل ہیڈکواٹرز کے اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ میں ایک اور ضلع کااضافہ کیاجائے گا جبکہ اس منصوبے کو بتدریج صوبے کے تمام اضلاع تک وسعت دی جائیگی۔

صوبائی وزیر بلدیات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو بروقت مکمل کرلیں گے جس سے پشاور کے شہریوں اوریہاں آنے والوں کوبہتر اور عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔شہرام خان ترکئی نے کہاکہ دیگر عوامی مفاد اور شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں جو جلد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں