رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی مہم میں حکومتی مداخلت قابل مذمت ہے،غلام بلور

حکومت تین ماہ میں ایکسپوز ہو چکی ہے اور عوام کو مہنگائی و قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے،مرکزی سینئر نائب صدر عوامی نیشنل پارٹی

پیر 17 دسمبر 2018 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی مہم کے دوران وزراء،ایم این ایز اور ایم پی ایز کی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اپنے ایک بیان میں ہونے کہا کہ حکومت تین ماہ میں ایکسپوز ہو چکی ہے اور عوام کو مہنگائی و قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ پر ناکامی کے بعد اب حکومتی مشینری بلدیاتی انتخابات میں استعمال کی جا رہی ہے جو آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ مختلف حلقوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز ٹرانسفارمرز ،ٹیوب ویلوں کی تنصیب کر رہے ہیں جبکہ گلیوں اور نالیوں کی پختگی کیلئے سرکاری وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ضمنی بلدیاتی الیکشن میں عوام ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والوں کو شکست دیں گے، خیبر پختونخوا کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اے این پی کے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری کے ناجائز اور بے دریغ استعمال کا نوٹس لے اور انتخابی مہم کے دوران وزرا ء اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی مداخلت پر کاروائی کرتے ہوئے منصفانہ و غیر جانبدارانہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں