اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل میں محکمہ اطلاعات کا کردار کلیدی ہے،اجمل وزیر

منگل 18 دسمبر 2018 22:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل میں محکمہ اطلاعات کا کردار کلیدی ہے۔ حکومت عوام تک معلومات پہنچانے کے کام کو تیز تر بنانے کے لئے محکمہ اطلاعات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے گی محکمہ اطلاعات نئے ضم شدہ اضلاع تک اپنا دائرہ کار بڑھانے کے لئے حکمت عملی پر کام کرے۔

وہ محکمہ اطلاعات کے اطلاع سیل کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے سیکرٹری قیصر عالم نے اجمل خان وزیر کو محکمہ کی کارکردگی، اطلاع سیل ، ضم شدہ اضلاع کے لئے تزویراتی ابلاغی منصوبے اور محکمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجمل خان وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان ضم شدہ اضلاع کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی ترقی میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کو متعلقہ محکموں میں ضم کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں عوام کو تعلیم ،صحت، زراعت ،آبنوشی اور آبپاشی سمیت دیگر تمام ضروریات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس سارے عمل میں محکمہ اطلاعات کو بنیادی کر دار ادا کر نا ہوگا انہوں نے محکمہ اطلاعات کے حکام کو ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام میں مختلف قومی امور کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اس مقصد کے لیے اخبارات، ریڈیو ، ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا کے مئو ثر استعمال کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے تا کہ متعلقہ فورم سے اسکی منظوری حاصل کر کے اس پر فور ی کام شروع کیا جائے۔

سیکرٹری اطلاعات قیصر عالم نے ترجمان صوبائی حکومت کو بتایا کہ اطلاع سیل میں میڈیا مانیٹرنگ کا جدید نظام مو جود ہے جہاں مختلف سرکاری محکموں اور حکومت کے حوالے سے موصول اطلاعات و شکایات پر فوری طور پر حکومتی مئو قف میڈیا تک پہنچایا جاتا ہے۔ اجمل خان وزیر نے اطلاع سیل میں موجود سہولیات کے معیار کو سراہتے ہوئے اس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہ تمام سرکاری محکموں کو اطلاع سیل کے ساتھ مر بوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں