سیکرٹری ہیلتھ نے آپس میں لڑنیوالی نرسوں کومعطل کردیا،انکوائری کاحکم

منگل 18 دسمبر 2018 22:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں نرسوں کے آپس میں لڑنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں نرسز کو معطل کرنے اور واقعہ کی انکوائری رپورٹ سات دن میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے،محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق سیکرٹری صحت نے ہسپتال کے ایمرجنسی میں دو نرسزشمس النساء اور فوزیہ کے درمیان لڑائی کے واقعہ کا نوٹس لے لیاہے، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل نے واقعہ کے بعد ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود سے رابطہ کرتے ہوئے دونوں نرسز کومعطل کرنے کے احکامات دیئے ہیں جبکہ واقعہ کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے جس پر ہسپتال ڈائریکٹر نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی ممبران میں ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر حامد شہزاد، ڈائریکٹر نرسنگ شاہین غنی اور سکیورٹی منیجر عمرسیاف شامل ہیں جبکہ کمیٹی کو سات دن میں سیکرٹری ہیلتھ کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت کے مطابق ہسپتال میں اس طرح کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا، تمام ڈاکٹرز، نرسز اوردیگرعملے کوبرداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریضوں کے بہتر علاج اور دیکھ بھال پر توجہ دینی چاہیے ۔ایسے واقعات سے ہسپتال کا ماحول خراب ہوتاہے اور لوگوں کو غلط امیج جاتا ہے لہذا تمام عملہ اپنی ذمہ داریوں پرتوجہ دیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں