بلین ٹری سونامی کی شفافیت جاننے کیلئے ملکی وغیرملکی وفد کا گھڑی چند پشاورکادورہ

منگل 15 جنوری 2019 23:53

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلا ت و ماحولیات اور جنگلی حیات محمد اشتیاق ارمڑ کے کے ہمراہ 12 رکنی ملکی وغیر ملکی وفد نے گھڑی چندن پشاور میں بلین ٹری سونامی منصوبے کی شفافیت جاننے کے لئے تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت یوسفزئی ڈی ایف او گلزار رحمان، ایس ڈی ایف او اورنگزیب ، بلاک آفیسر عدالت خان ، سعید خان ، فارسٹ گارڈ فضل رازق خان اور چوہدری توقیر ( ناروی) چوہدری ثاقب(ڈنمارک)، کامران منیر( یو کی) ، چوہدری امتیاز و دیگر مہمانان موجود تھے ڈی ایف او گلزار رحمان نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ گھڑی چندن کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ 2014 میں شروع ہوا جو دو فیزپر مشتمل تھا جن کا رقبہ 1,46,000 کنال ہے جن میں اب تک 46000 کنال رقبے سے زیادہ پر پودے لگائے گئے ہیں جن میں بیر ،کیکر، پلوسہ ، لاچی، کنک چمن ، شیشم جیسے پودے اگائے گئے ہیںجن کی دیکھ بھال اور نگہداشت اچھے انداز سے ہونے کی وجہ سے مقامی پودوں کو بھی فطری ماحول میسر ہوا اور ان کی بڑھوتری بھی دیکھنے کے قابل ہے ، مقامی لوگوں کو مگس بانی کے موزوں مواقع فراہم ہو رہے ہیں جن سے نہ صرف مقامی لوگوں کو باعزت روزگار کے مواقع مل رہے ہیں بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ نے کہاکہ عوام اس منصوبے کی شفافیت جاننے کے لئے خود کسی بھی وقت پورے علاقے کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے صوبے کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے اس سے پہلے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت شمالی علاقہ جات میں دستیاب وسائل بروئے کار لاچکے ہیں اور کمیونٹی کے ساتھ ملکر ماحولیات کی آلودگی کو درپیش خطرات کو کم کرنے کی بھرپور کوششیںکر رہے ہیں۔

انہو ںنے کہاکہ فارسٹ گارڈ فضل رازق اور سابق ایس ڈی ایف او مرحوم طاہر خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی شبانہ روز محنت کی وجہ سے گھڑی چندن میں خوشگوار ماحول میسر ہے۔ اس موقع پر شوکت یوسفزئی نے بھی گھڑی چندن میں فیز ون اور فیز ٹو میں پودوں کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سے گھڑی چندن کا بنجر پہاڑی ٹیلہ سبزہ زار میں تبدیل ہوا انہو ں نے کہاکہ محکمہ جنگلات کے متعلقہ اہلکار حقیقی معنوں میں ہمارے لئے ہیرو بن گئے ہیں جن کی شبانہ روز خدمات سے عمران خان کے گرین پاکستان کو تقویت مل رہی ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزراء اور وفد کے اراکین نے فرداً فرداً گھڑی چندن میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرکے بلین ٹری سونامی کی کامیابی کے لئے دعا کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں