چیئرمین ڈیڈک سوات کی شاہین آباد چیل شگئی آتشزدگی میں زخمی ہونے والے افرادکی عیادت

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے ہفتہ کی صبح سیدو سنٹرل ہسپتال جاکر ایک ہی خاندان کے سات افراد کی عیادت کی جو سیدو شریف کے علاقے شاہین آباد چیل شگئی میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے اور آتشزدگی سے زخمی ہوگئے تھے، وہ گھرانے کے سربراہ سمیت تمام مجروحین اور انکے تیمار داروں سے فرداً فرداً ملے اور انکی ہر طرح دلجوئی کی۔

ڈسٹرکٹ کونسلر سہیل سلطان ایڈوکیٹ اور یوسی ناظم حیدرعلی کے علاوہ دیگر بلدیاتی نمائندے، پی ٹی آئی کے عہدیدار اور مقامی عمائدین بھی انکے ہمراہ تھے فضل حکیم خان نے ہسپتال انتظامیہ کو اس المناک حادثے میں زخمی تمام افراد کا علاج ہنگامی بنیادوں پر بالکل مفت کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

فضل حکیم خان نے عمائدین کے ہمراہ گیس لیکیج سے متاثرہ گھر کا دورہ بھی کیا اور خاندان کے دیگر متاثرین سے ملے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ غریب خاندان کی مالی امداد کا جائزہ بھی لے گی انہوں نے اسطرح کے اندوہناک حادثات کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سوئی گیس حکام کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی تاکہ گیس میں لیکیج کا احساس دلانے کیلئے بدبودار اجزاء شامل کرنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کئے جا سکیں اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بنایا جا سکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں